چار دن میںتقریباً 18 لاکھ کروڑ روپئے ڈوب گئے
ممبئی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ساری دنیا میں کورونا وائرس کی دہشت کے ساتھ مالیاتی بحران پیدا ہوا ہے۔ ہندوستانی سرمایہ مارکٹ میں حصص کی شرحوں میں شدید گراوٹ درج کی گئی ۔ آج ایک ہی دن میں سرمایہ کاروں کے 11.42 لاکھ کروڑ روپئے ڈوب گئے۔ شیر مارکٹ کے ماہرین نے بتایا کہ یہ تباہی صدمہ خیز ہے۔ ایک دن کے اندر سینسکس بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایس اینڈ پی بی ایس سی سینسکس اور این ایس پی نیفٹی 50 انڈیکسس کو بھاری نقصان ہوا ۔ نیفٹی کے شیئر بری طرح نیچے گر گئے۔ جون 2017 ء کے بعد سے سب سے بدترین گراوٹ درج کی گئی ہے ۔ ایس اینڈ پی اور بی ایس سی کا سینسکس 8.97 تک گر گیا جو 23 ماہ کے دوران سب سے کم تر گراوٹ سمجھی جارہی ہے۔ شیئر مارکٹ میں سرمایہ لگانے والوں کیلئے آج کا دن تباہ کن رہا ۔ گزشتہ چند ہفتوں سے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تیزی سے پھیلاؤ کے پس منظر میں سرمایہ مارکٹ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کو جب عالمی مہلک وباء قرار دیا تو ساری دنیا کی سرمایہ مارکٹ میں ہلچل مچ گئی ۔ گزشتہ مرتبہ ہندوستانی اسٹاک انڈکسس میں بھاری گراوٹ دیکھی گئی تھی ، خاص کر 2008 ء میں عالمی مالیاتی بحران میں شدت پیدا ہوئی تھی ۔ وباء کے پھوٹ پڑنے کے بعد ہندوستانی معیشت پر تباہی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ہندوستانی معیشت پہلے سے ہی ابتری کا شکار تھی اور حال ہی میں ایس بینک ڈوب جانے کے بعد کئی کھاتے داروں کو اپنے سرمایہ کی فکر لاحق ہوگئی ۔ ملک کا مالیاتی شعبہ ہچکولے کھا رہا ہے ۔ بی ایس ای کا سینسیکس بھی تقریبا 2900 پوائنٹس گرگیا ۔گزشتہ کاروباری دن پر 35697.40 پوائنٹس پر بند ہونے والا سینسیکس آج 1224.90 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ کھلا اور چہاررخی فروخت کے دباؤ میں یہ 35،315.20 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا۔سینسیکس میں لسٹیڈ
کمپنیوں میں ایکسیس بینک، او این جی سی، مہندرا اینڈ مہندرا، ٹاٹا اسٹیل اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے حصص میں سب سے زیادہ گراوٹ آئی ۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 418.45 پوائنٹس کی گرواٹ کے ساتھ 10039.95 پوائنٹس پر کھلا اور 9713.45 پوائنٹس تک اتر گیا۔خبریں لکھے جاتے وقت سینسیکس 6.54 فیصد گرواٹ کے ساتھ 33362.84 پوائنٹس پر اور نفٹی 6.98 فیصد نیچے 9728.45 پوائنٹس پر کاروبار کررہاتھا۔نفٹی اپنے جنوری کے عروج کے بعد تقریباً 20 فیصد نیچے گرگیا ہے ۔ اسی طرح سینسیکس بھی گزشتہ دو برسوں میں سب سے کم 32,778 پر بند ہوا ۔ گزشتہ پیر کے روز بھی شیئر مارکٹ میں شدید گراوٹ آئی تھی اور تقریباً 6.8 لاکھ کروڑ روپئے تباہ ہوگئے تھے ۔ چار دن کے اندر ہندوستانی سرمایہ مارکٹ میں تقریباً 18 لاکھ کروڑ روپئے ڈوب گئے۔