کووڈ۔ 19 کے جملہ 60,000 مریض ، عوام اب وائرس کے ساتھ جینا سیکھ لیں ، حکومت کا مشورہ
نئی دہلی ۔ /8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ، جسے دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت نے آج آخر کار کہہ دیا کہ عوام کو اب اس وائرس کے ساتھ جینا سیکھ لینا چاہئیے ۔ جبکہ ملک گیر سطح پر کووڈ۔ 19 کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 60,000 کے قریب تیزی سے پہونچ رہی ہے اور اموات 1900 کو تجاوز کرچکے ہیں ۔ مرکز نے وائرس کے ساتھ جینا سیکھ لینے کا مشورہ تو دیدیا لیکن ملک کے 135کروڑ عوام پر اس کا یکساں اثر ہرگز نہیں ہوگا ۔ نصف آبادی ناخواندہ ہے اور بقایا میں بڑی تعداد کچھ خاص پڑھی لکھی نہیں ۔ ان کو ایسی بات سے حوصلہ تو کچھ نہ ملے گا بلکہ کئی افراد مزید مایوس ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ صرف پڑھے لکھے یا تعلیمیافتہ طبقہ کے چند کروڑ لوگ ہی اس بیان کو مثبت طور پر سمجھیں گے کہ کووڈ۔19 کے بعد والے حالات میں ہمیں کس طرح احتیاطی تدابیر کے ساتھ جینا ہوگا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ودھو ٹھاکرے نے اعتراف کیا کہ ابھی تک وائرس کے پھیلاؤ کے تسلسل کو توڑنے میں کامیابی نہیں ملی ہے اور ان کی حکومت ضرورت پڑنے پر پولیس کو مرحلہ وار آرام دینے کی غرض سے سنٹرل فورسیس کو طلب کرسکتی ہے ۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور اس کے خلاف لڑائی میں مرکز کی مودی حکومت ہر موقع پر ناکام ہوئی ہے اور اس نے بوجھ ریاستوں پر ڈال رکھا ہے ۔ /25 مارچ کو لاک ڈاؤن شروع کیا گیا ، دوسرا مرحلہ /15 اپریل سے شروع ہوا اور تیسرا مرحلہ /17مئی کو ختم ہورہا ہے ۔ تاہم ابھی تک مرکزی حکومت کے پاس کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے کہ وہ /17 مئی سے قبل یا اس کے بعد کووڈ۔ 19 کے خلاف جاری لڑائی میں کیا کرنے والے ہیں اور وہ ریاستوں کو کس حد تک اعتماد میں لیں گے ۔ آج صرف ممبئی میں 748 نئے کیسوں کے ساتھ جملہ تعداد 11967ہوگئی جبکہ 462اموات درج ہوچکی ہیں ۔ گجرات اور ٹاملناڈو سے بھی بڑی تعداد میں نئے کیس سامنے آئے ۔ اترپردیش ، کرناٹک ، آندھراپردیش بھی کافی متاثر ہیں ۔