97 فیصد افراد صحت یاب لیکن عوام ذہنی تناؤ کا شکار ، قوت بخش غذا کے استعمال سے اچھی صحت کی برقراری ممکن
حیدرآباد۔ 17جون(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن احتیاط لازمی کرنا چاہئے ۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 97 فیصد افراد اب بھی صحت یاب ہورہے ہیں لیکن کورونا وائرس کے خوف سے ذہنی تناؤ کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ کورونا وائرس کی علامات اور تصدیق کے باوجود صحت یاب ہوسکتے ہیں لیکن اس وباء کے خوف میں مبتلاء ہونے یا کورونا وائرس کے علامات پائے جانے پر خائف اور مایوس ہونے کے بجائے احتیاطی اقدامات اور بہتر تغذیہ کے ساتھ کورونا وائرس سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ شہر میں وبائی امراض کا موسم شروع ہوچکا ہے اور سردی ‘ کھانسی ‘ بخار اور اعضاء شکنی کے علاوہ دیگر بیماریاں معمول کی بات ہیں جو کہ کورونا وائرس کی علامتو ں میں شامل ہونے کے سبب مریضوں میں مایوسی اور ذہنی تناؤ پیدا ہونے لگا ہے جو کہ ان کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔ وبائی امراض کے اس دور میں دواخانو ںمیں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ہندوستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کی وباء نے عوام میں خوف پیدا کیا ہوا ہے ۔ کورونا وائرس کا مقابلہ خوف سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے احتیاط اور صحت مند غذاؤں کے استعمال کے علاوہ پیراسیٹیمال استعمال کی جاسکتی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں بارش کے ساتھ ہی وبائی امراض نے شہریوں میں تشویش کی لہر پیدا کردی ہے لیکن تشویش کے بجائے اگر صحت مند غذاء کا استعمال کیا جائے اور گھر میں ہی آرام کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے فون پر رابطہ کیا جائے تو ابتدائی دنوں میں ہی مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی ابتدائی علامتوں میں بخار‘ سوکھی کھانسی وغیرہ شامل ہیں لیکن ان پر بہ آسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس انتہائی تیزی سے ساتھ پھیل رہا ہے جس کے سبب لوگوں میں تشویش پائی جانے لگی ہے اور جو مریض کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں وہ نا امیدی کا شکار ہوتے ہوئے یہ تصور کر رہے ہیں کہ ان کیلئے یہ بیماری جان لیوا ثابت ہوگی لیکن ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح 3 فیصد بھی نہیں یہ اسی لئے اسے مہلک تصور کرنے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کئے جانے کی ضرورت ہے ۔دنیا کے کسی بھی ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کیلئے کوئی دواتیار نہیں کی جاسکی ہے لیکن دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے صحت یاب ہونے سے جو تجربات حاصل ہوئے ہیں ان کی بنیاد پر صحت مند رہنے کے لئے مقوی غذاء کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔