کورونا وائرس سے چوکنا رہیں، محتاط رہیں۔ مصافحہ کے بجائے نمستے کہیں : امیتابھ بچن اور پرینکا چوپڑہ کاعوام کو مشورہ

,

   

امیتابھ بچن اور پرینکا چوپڑا سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشورے دیے ہیں۔ امیتابھ بچن نے ایک ویڈیو پوسٹ کر کے کہا کہ کورونا وائرس سے ہر کوئی پریشان ہے لیکن ‘بھارت میں آنے پر ہم اسے ‘ٹھینگا‘ دکھا دیں گے‘۔ اودھی زبان میں ایک نظم کے ذریعے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، ”ادھر متعدد دنوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے بہت نقصان ہو رہا ہے۔ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں۔ آج صبح ہمیں بھی لگا کہ ہمیں اس پر کچھ بولنا چاہیے۔”

بھارت میں فلموں کے لیے اعلی ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ امیتابھ بچن نے مزید کہا، ”مختلف لوگ اس بیماری کا الگ الگ علاج بتا رہے ہیں۔ لوگ کس کی سنیں، کس کی نہ سنیں۔ کون بتائے گا یہ سب۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ کلونجی کھاؤ تو کوئی آملہ کا رس پینے کے لیے کہہ رہا ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ گھر میں بیٹھے رہو۔ باہر مت نکلو۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ بغیر صابن سے ہاتھ دھوئے کسی کو مت چھونا۔ ہم نے سوچا چلو ہم بھی ویسا ہی کرتے ہیں جیسا کہتے ہیں سب۔ آنے دو کورونا کو ٹھینگا دکھا دیں گے سب۔”

امیتابھ بچن نے کورونا وائرس کے سلسلے میں کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں اور لکھا، ” محتاط رہیں۔ چوکنا رہیں۔“

بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے بھی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر ‘نمستے‘ کرتے ہوئے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایک دوسرے کا خیر مقدم کرتے وقت مصافحہ کرنے اور گلے ملنے کے بجائے نمستے کریں۔

فلم اداکار انل کپور بھی کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں کو مائل کرنے کے خاطر ممبئی میں ایک تقریب میں ماسک لگا کر آئے۔ پرینتی چوپڑا اور کپل شرما نے بھی لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے اپنے مشورے دیے ہیں۔