کورونا وائرس :متاثرین سے ملنے والے 4,000 افراد کی نشاندہی

,

   

ملک بھر میں سخت ترین احتیاطی اقدامات ، ریاستوں میں چوکسی ،42,000 افراد کی خصوصی نگرانی، غیرضروری سفر سے گریز کا مشورہ

نئی دہلی۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر تیزی سے پھیلانے والا خوفناک کورونا وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ہفتہ کو 84 تک پہنچ گئی جن میں دہلی میں فوت ایک خاتون اور کرناٹک میں فوت ایک ضعیف شخص بھی شامل ہے۔ کرناٹک کے ضلع کلبرگی سے تعلق رکھنے والے 76 سالہ شخص نے حال ہی میں سعودی عرب کا سفر کیا تھا جن کا جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ دہلی میں ایک 68 سالہ خاتون جو کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی تھی، جمعہ کو رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) ہاسپٹل میں فوت ہوگئی۔ اس خاتون کے لڑکے نے حال ہی میں سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کا سفر کیا تھا۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ خاتون ذیابیطس اور اختلاج کی مریض تھی اور چند روز قبل سی او بی آئی ڈی ۔ 19 سے متاثر پائی گئی تھی۔ کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ملک بھر میں 84تک پہنچ گئی ہے جن میں دہلی میں مثبت پائے جانے والے 7 افراد کے علاوہ اترپردیش کے 11، کرناٹک کے 6 مہاراشٹرا کے 14 لداخ کے 3 مریض بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجستھان، ٹاملناڈو، جموں و کشمیر اور پنجاب میں ایک ایک مریض کورونا وائرس سے مثبت پایا گیا۔ تلنگانہ میں ایک 24 سالہ سافٹ ویئر انجینئر کرناٹک سے واپسی کے بعد کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا جو مکمل طور پر صحت یاب ہوچکا ہے اور اس کے معائنے منفی پائے گئے۔ کیرلا میں کورونا وائرس میں 19 کیسیس پائے گئے جن میں وہ تین مریض بھی شامل ہیں جو کورونا وائرس کے متاثرین کی حیثیت سے شناخت کئے گئے تھے، تاہم اس متعدی وباء سے پوری طرح صحت یاب ہونے کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیئے گئے تھے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کے توثیق شدہ 84کیسیس میں 17 بیرونی سیاح بھی شامل ہیں، ان میں 16 کا تعلق اٹلی اور ایک کا تعلق کینیڈا سے ہے۔ ہند میں کورونا وائرس کے کیسیس میں مسلسل اضافہ کے درمیان حکومت نے عوام کو سنسنی سے دوچار نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ مقامی طور پر ایک دوسرے سے اس وباء کی منتقلی کے بالکل یکا دکا واقعات ہی منظر عام پر آئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کووڈ۔19 کو عالمی وباء قرار دیا ہے۔ اس دوران ہندوستانی وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ 83 مثبت کیسیس کے رابطے میں تقریباً 4,000 افراد کے آنے کی اطلاع ہے جن کی شناخت کرتے ہوئے معائنے کئے جارہے ہیں اور ان کے علاوہ ملک بھر میں دیگر 42,000 افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ حکومت نے چہارشنبہ کو تمام ممالک کو ویزا کی اجرائی معطل کردی تھی لیکن سفارتی اور روزگار کے شعبوں کو استثنیٰ دیا گیا تھا۔ ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیرونی ممالک کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ بیرونی ممالک سے واپس ہونے والے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ حفظان صحت کا خیال رکھیں۔