سری نگر26مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح کورونا وائرس سے موت واقع ہونے والے 65 سالہ مریض کا معاملہ اس وقت متنازعہ صورت اختیار کر گیا جب انتظامیہ نے مرحوم کے علاج کے دوران مبینہ طور پر لاپرواہی برتنے کے بارے میں تحقیقات کے احکامات صادر کئے ۔بتادیں کہ وادی میں جمعرات کی صبح سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع ہسپتال برائے امراض سینہ میں زیر علاج پہلے مریض کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی۔صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے حیدر پورہ سے تعلق رکھنے والے فوت شدہ کورونا وائرس متاثرہ مریض کے علاج کے دوران مبینہ طور پر برتی گئی لاپرواہی کے بارے میں تحقیقات کے احکامات صادر کئے ہیں۔موصوف کی طرف سے جاری حکمنامے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں واقع شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کالج میں علاج کے دوران متاثرہ مریض کے ساتھ لاپرواہی برتی گئی ہے ۔