ہجوم والے مقامات سے اجتناب ، سماجی فاصلہ اور ماسک ضروری ، ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔ کورونا وائرس دوبارہ شدت اختیار کرنے لگا ہے ایسے میں احتیاط کے ذریعہ ہی خود کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے اسی لئے ماسک کے استعمال کے علاوہ صحت مند اشیائے تغذیہ کا استعمال کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے اور پر ہجوم مقامات پر جانے سے احتیاط کرنا لازمی ہے۔ ملک کی 7ریاستو ںمیں کورونا وائرس کی نئی قسم کی دریافت کے بعد آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے صدرنشین نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم مزید خطرناک تیزی کے ساتھ پھیل سکتی ہے اسی لئے اس سے جہاں تک ممکن ہوسکے احتیاط کیا جانا چاہئے اور کسی بھی طرح کی علامات کی صورت میں جلد سے جلد ڈاکٹرسے رجوع ہوتے ہوئے اس کا علاج شروع کروایا جائے۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ ملک میں پائی جانے والی کورونا وائرس کی نئی قسم پر قابو پانے کیلئے عوام کو احتیاطی اقدامات پر توجہ دیتے ہوئے خود کی حفاظت کرنی چاہئے ۔ کورونا وائرس سے کم از کم اس وقت تک تو سخت احتیاط کی جانی چاہئے جب تک ویکسین نہیں آجاتی اسی لئے شہریوں کو پرہجوم مقامات سے دور رہتے ہوئے سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانا چاہئے ۔ ڈاکٹر محمد فیصل پلمو نولوجسٹ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ وزن پر قابو رکھیں اور صحت مند اشیائے تغذیہ کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ جب تک لوگوں سے دور نہ رہیں گے اس وقت تک بیماری کو پھیلنے سے روکا جانا ممکن نہیں ہے اسی لئے جہاں تک ممکن ہوسکے لوگوں سے دور رہتے ہوئے احتیاط کیا جائے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کی دریافت کے بعد تحقیق کا عمل جاری ہے اور اب تک کی تحقیق سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ یہ بیماری تیزی سے پھیلنے والی ہے اسی لئے ایک دوسرے سے مصافحہ سے اجتناب کرنا چاہئے تاکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔ ڈاکٹر ایس اے مجید ماہر امراض ذیابیطس نے بتایا کہ ہندستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی دریافت سے شہریوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی محکمہ صحت کو پرہجوم مقامات پر خصوصی نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ماسک کے لزوم کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہو ںنے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے عوام کی آزادانہ آمد و رفت پر قابو پاتے ہوئے بھی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکاجاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ایس اے مجید نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے لازمی ہے کہ قوت مدافعت کو مستحکم رکھا جائے اور ضعیف العمر ایسے افراد جو کہ شوگر ‘ بلڈ پریشر کے علاوہ دیگر عوارض میں مبتلاء ہیں ان کو گھروں کی حد تک محدود رکھا جائے اور ان کے علاوہ بچوں کوبھی احتیاط کروایا جائے علاوہ ازیں نوجوانوں کو ضعیف العمرافراد خاندان سے راست رابطہ میں آنے سے گریز کیا جائے اور اگر ان سے ملاقات کرنا ہو تو مکمل صفائی کے بعد ہی ان کے قریب جائیں کیونکہ ان کے متاثر ہونے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔