کورونا وائرس ٹیکوں کے درمیان وقفہ کو کم کرنے پر زور

   

ڈاکٹر اور طبی عملہ کو بوسٹر شاٹ کے انتظام کا مطالبہ
ہریش راؤ کا مرکزی وزیر صحت کو مکتوب
حیدرآباد۔3۔ڈسمبر(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کورونا وائرس ٹیکوںکے درمیان موجود وقفہ کو کم کرے اور تلنگانہ میں ڈاکٹرس کے علاوہ طبی عملہ کو بوسٹر ٹیکہ کی منظوری عمل میں لانے کے اقدامات کرے۔ ریاستی وزیر صحت و فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے مرکزی وزیر صحت مسٹر من سکھ مانڈویا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے ٹیکوں کے درمیان موجود وقفہ میں کمی لانے کی خواہش کی اور کہا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو کورونا وائرس کا ٹیکہ دیئے ہوئے 10ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے اسی لئے ان کے لئے فوری طور پر بوسٹر شاٹ کو منظوری دینے کے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مکتوب میں بتایا کہ تلنگانہ میں 3کروڑ 77لاکھ ٹیکے دیئے جاچکے ہیں جن میں 2کروڑ 49لاکھ پہلی خوراک اور 1کروڑ 28لاکھ دو سری خوراک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیکوں کے درمیان موجود 12ہفتہ کے وقفہ کو فوری اثر کے ساتھ کم کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی میں شدت لائی جاسکتی ہے کیونکہ 12ہفتوں کے وقفہ کے سبب ٹیکہ لینے والوں میں بھی بے اعتنائی پیدا ہونے لگی ہے اسی لئے اس وقفہ کو کم کرتے ہوئے ٹیکہ حاصل کرنے والوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو فوری طور پر بوسٹر شاٹ کی منظوری کے اقدامات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ملک بھر میں طبی عملہ کو محفوظ بنانے اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھنے کیلئے ان کے تیسرے اور قطعی ٹیکہ کے اقدامات کئے جائیں ۔م