کورونا وائرس پر اسمبلی میں کے سی آر اور بھٹی وکرامارکا میں لفظی تکرار

   

حکومت کے اقدامات ناکافی: بھٹی ۔ کانگریس ہی ملک کیلئے کورونا وائرس : چیف منسٹر

حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں آج کورونا وائرس پر مباحث کے دوران چیف منسٹر کے سی آر اور کانگریس فلور لیڈر بھٹی وکرامارکا کے درمیان لفظی تکرار اور نوک جھونک ہوئی۔ کے سی آر نے کانگر یس کے فلور لیڈر پر ریمارکس کئے اور سنگین مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دینے کا مشورہ دیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے مرکز اور ریاست کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ اس پر کے سی آر نے فوری مداخلت کی اور کہا کہ کورونا جیسے حساس مسائل پر سیاست مت کیجئے۔ عوام کو مزید خوف و دہشت میں مبتلاء مت کیجئے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے مرکز کوئی اقدامات نہیں کررہا ہے یہ بات درست نہیں ہے۔ مرکز نے کئی احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کرے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری سنجیدگی کے ساتھ ادا کررہے ہیں۔ اسمبلی میں مختلف مسائل پر مباحث ہوئے ہیں۔ کانگریس کے فلور لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چیف منسٹر نے کہا ہے کہ کورونا کی صورت میں پیراسیٹامول کا استعمال کافی ہے۔ 27 ڈگری درجہ حرارت میں کورونا وائرس نہیں آئے گا۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والی صدیقی کا حیدرآباد کے چند ہاسپٹلس میں علاج کیا گیا جس کے بعد ان کی موت واقع ہوئی۔ بھٹی وکرامارکا نے جب چیف منسٹر کے مذکورہ بیانات کا حوالہ دیا تو کے سی آر برہم ہوگئے اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر من مانی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نعشوں پرعمارت تعمیر نہ کریں، یہ وقت عوام کو ہمت دلانے کا ہے اور آپ عوام کو مزید اُلجھن میں مبتلاء نہ کریں۔ پرانے شہر کو کیوں بدنام کررہے ہیں بعض چلر ٹی وی میڈیا پرچار کررہا ہے ، آپ بھی اس پر کیوں بھروسہ کررہے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ کنیڈا کے وزیر اعظم کی شریک حیات کورونا سے متاثر ہوئی ہیں۔ عوام کو کسی پریشانی اور خوف سے روکنے کیلئے چار پانچ دن بعد اس کا اعلان کیا گیا۔ کے سی آر نے کہا کہ کورونا پر سیاست کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ مرکزی حکومت الرٹ ہے اور بہتر کام کررہی ہے۔ 135 کروڑآبادی والے ملک میں وائرس سے صرف 65 افراد متاثر ہوئے۔ مرکزی حکومت کے علاوہ کانگریس زیر اقتدار ریاستیں بھی چوکس ہیں تمام حکومتیں ذمہ داری کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ عوام کو ہمت دلانے کیلئے انہوں نے مخصوص درجہ حرارت کا ذکر کیا تھا۔ ایک سائینسداں نے مجھے بتایا کہ پیراسیٹا مول کے استعمال سے بخار میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ ملک کیلئے بڑا کورونا کانگریس پارٹی بن چکی ہے۔بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کے کانگریس کے خلاف ریمارک کی مذمت کی ہے۔