دہلی میں جماعت کے اجتماع سے واپس ہونے والوں سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ‘ چیف منسٹر کا خطاب
تلنگانہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر
11 اموات ‘272 متاثر ‘ 33 صحتیاب
حیدرآباد۔5؍ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے محکمہ صحت اور تمام متعلقہ ذمہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے مزید اقدامات کریں ۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے ۔ 272 کسیس مثبت پائے گئے ہیں۔ 33 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ چیف منسٹر نے دہلی کے مذہبی اجتماع کے بعد کورونا وائرس کے کیسیس میں اچانک ہولناک اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اور کہاکہ جماعت کے اجتماع سے واپس ہونے والوں نے ریاست میں کورونا مثبت کسیس میں اضافہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر صحت ایٹالہ راجندر کو ہدایت دی کورونا وائرس کے مریضوں کی بہتری اور ان کے بہتر علاج کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں اور ریاست گیر سطح پر معائنوں کو تیز کیا جائے ۔چیف منسٹر نے ریاست میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دہلی کا سفر کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ میں رکھنے کے اقدامات کے علاوہ جو لوگ متاثرہ پائے جا رہے ہیں انہیں قرنطینہ اور دواخانہ میں شریک کیا جا رہاہے ۔ کے سی آر نے ریاست میں لاک ڈاؤن کی صورتحال اور اس صورتحال میں لوگوں کو راحت رسانی کے اقدامات کے علاوہ دہلی مرکز سے واپس ہونے والوں کی نشاندہی کے متعلق تمام تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے اور نہ ہی کسی مریض کو لیت و لعل کا شکار بنایا جائے۔ انہوںنے اجلاس میں شریک پولیس عہدیداروں سے ریاست کے مختلف اضلاع کی مکمل تفصیلات حاصل کی۔ ریاست میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے علاج و معالجہ اور موقف کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن کے سبب دیگر ریاستوں کے تلنگانہ میں پھنسے ہوئے افراد کی تفصیلات اور انہیں فراہم کی جانے والی امداد کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو اقدامات کا اعلان کیا ہے ان کے مطابق ان کی مدد کی جائے ۔ اجلاس کے دوران کے سی آر نے کہا کہ محکمہ صحت‘ پولیس اوربلدی ملازمین کی خدمات نا قابل فراموش ہیں اور وہ کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں اپنا اہم حصہ ادا کرر ہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اجلاس میں شریک محکمہ صحت کے عہدیداروں سے دواخانوں کی موجودہ صورتحال اور جن لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ان کی کیفیت کے متعلق تفصیلات دریافت کی اور جو لوگ قرنطینہ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ان پر سختی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے سفید راشن کارڈپر مفت چاول اور 1500 روپئے کی فراہمی کے اعلان پرکئے جانے والے اقدامات کا بھی اجلاس کے دوران جائزہ لیا۔
