بیجنگ ۔26 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے کورونا وائرس کے باعث ہندوستان میں پھنسے اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ہندوستان میں کورونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافے کے علاوہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعات پر کشیدگی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چین نے نئی دہلی، کولکتہ اور ممبئی سے شنگھائی، گوانگڑو، جینان، ڑینگڑو کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے جن کاآغاز 2 جون سے ہو گا۔پیر کو ہندوستان میں چین کے سفارت خانے کی ویب سائٹ پر خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا۔ چینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ فلائٹس میں اپنی ٹکٹس بک کرا سکتے ہیں۔ ’ٹائمزآف انڈیا‘ کے مطابق ہندوستان کے وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ چینی شہریوں کی واپسی کے عمل میں چینی حکام سے تعاون کرے گی۔