کورونا وائرس ‘ چینی لیباریٹری سے اچانک پھیلا:سی آئی اے

   

بیجنگ : امریکہ کی مرکزی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے کووڈ-19 کی ابتدا پر اپنا موقف بدل لیا ہے اور اب چین کے ووہان میں ایک لیبارٹری سے وائرس کے اچانک پھیلاؤ کے نظریے کی حمایت کی ہے ۔نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے نے سالوں تک کہا تھا کہ اس کے پاس یہ نتیجہ اخذ کرنے کیلئے کافی معلومات نہیں ہیں کہ کووڈ وبا ووہان کے کس مقام پر قدرتی طور پر پیدا ہوئی تھی یا کسی تحقیقاتی لیبارٹری میں اچانک رساؤ کے نتیجے میں ہوئی، لیکن اس ہفتے ایجنسی نے ایک نیا تجزیہ جاری کیا جس میں تجزیہ کاروں نے کہا کہ وہ اب لیبارٹری کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں۔ایجنسی کے موقف میں تبدیلی کے پیچھے کوئی نئی خفیہ معلومات نہیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق سی آئی اے کا تازہ ترین تجزیہ جزوی طور پر وبا کے پھیلاؤ سے پہلے ووہان کی لیبارٹریوں کی حالتوں کا قریب سے جائزہ لینے پر مبنی ہے ۔ممبران پارلیمنٹ کے ذریعہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اس سے قبل دو سال کی تحقیقات کے بعد امریکی کانگریسیوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی ابتدا ممکنہ طور پر لیبارٹری میں ہوئی تھی اور رساؤ کے نتیجے میں پھیل گئی۔سی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ وائرس جانور سے منتقل ہوا یا تحقیقی مرکز سے ؟ دونوں پہلوؤں پر کام جاری ہے ۔