کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے میں مسلمانوں کیلئے کوئی قباحت نہیں

   


جامعۃ المومنات میں فقہی مذاکرہ ، خاتون مفتیات و عالمات کا اظہار خیال

حیدرآباد۔ کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے میں مسلمانوں کیلئے کوئی قباحت نہیں کیونکہ کسی شئے کی ماہیت تبدیل ہوجائے تو انسانی جان کے تحفظ کیلئے بشکل اضطرار اس کے استعمال کی گنجائش ہے۔ انسان خواہ وہ مرد ہو یا عورت اپنے جنس کو تغیر کرنا شرعاً حرام ہے چونکہ یہ خلقت خداوندی میں مداخلت ہے۔ وائٹنر میں اگر اسپرٹ کی آمیزش شامل ہو تو اس کا استعمال جائز نہیں کیونکہ یہ نشہ آور ہے اور نشہ آور چیز حرام ہے۔ والدین لڑکیوں کی شادی کیلئے جو زیور جمع کرتے ہیں اگر وہ نصاب کو پہنچ جائے اور سال گذر جائے تو والدین پر زکوۃ واجب ہے۔ شادی، ولیمہ اور دیگر تقاریب کے مواقع پر آتش بازی، باجا، گانے گانا شرعاً ناجائز ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المومنات کے سالانہ فقہی مذاکرہ برائے خواتین سے خاتون مفتیات و عالمات نے جامعۃ المومنات مغلپورہ میں کیا۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی شیخ الفقہ و صدر مفتیہ جامعۃ المومنات نے جدید مسائل فقہیہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کیا۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے کہا کہ اسلام میں عورت کو پردے کا حکم دیا گیا اس سبب سے عورت کیلئے ایسے کھیل میں شرکت جائز ہوگی جس میں حدود شرع کا خیال رکھا گیا ہو۔ اس طرح کنٹراکٹ میریج شرعاً جائز نہیں ہے۔ مفتیہ سیدہ عشرت بیگم نے کہا کہ مدر ملک بینک میں مسلمان عورتوں کا دودھ جمع کرنا اور بچوں کو پلانا جائز ہے کیونکہ موہوم ہونے کی وجہ سے نکاح و نسب پر اثر پڑے گا۔ مفتیہ نسرین افتخار نے کہا کہ پانی، آگ، گھانس کسی خاص شخصیت کی ملکیت نہیں لیکن جو پانی اپنے ظرف میں محفوظ کرلیا گیا ہو خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا تو اس میں فریقین کی باہمی رضامندی سے خرید و فروخت جائز ہے۔ مفتیہ ادیبہ آفرین نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر خون کا عطیہ دینا جائز ہے۔ مفتیہ حافظہ زرینہ بیگم نے کہا کہ جس جگہ طاعون کی وباء پھیلی ہوئی ہو وہاں دوسری جگہ کے لوگوںکی آمد ورفت درست نہیں کیونکہ بیماری تو اُڑ کر نہیں جاتی بلکہ جراثیم منتقل ہوتے ہیں۔ مفتیہ فاطمہ بیگم نے کہا کہ کیسٹ کی اذان و امامت لغو ہے، اس سے شعائر اسلام قائم ہوگا نہ ہی اس کی اقتداء میں نماز پڑھنے والوں کی نماز درست ہوگی کیونکہ اس میں اوصاف امام و مؤذن نہیں ہیں۔ مذاکرہ کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرأت ، قاریہ ثریدہ عذرین کی نعت شریف سے ہوا۔ مذاکرہ کی صدارت مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات نے کی جس میں تقریباً 150 جدید و قدیم مسائل فقہیہ پر خاتون مفتیات و عالمات نے کتاب و سنت کی روشنی میں مباحثہ میں حصہ لیا۔ اس مذاکرہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حافظہ رقیہ کلثوم ، نسرین سلطانہ، مفتیہ سارا خاں، مفتیہ خدیجہ قادری، مفتیہ سمیہ شکیل خاں اور دیگر نے شرکت کی۔