کورونا وائرس کادہلی اور تلنگانہ میں ایک، ایک مریض

   

حکومت کے تمام احتیاطی اقدامات ۔ مرکزی وزیر صحت

نئی دہلی۔ 2 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں پیر کو کورونا وائرس کے دو نئے کیسوں کا پتہ چلا جن میں سے ایک کا تعلق قومی دارالحکومت سے ہے ۔ مرکزی وزارت صحت نے کہاکہ حکومت نے اس مہلک وائرس کا پتہ چلانے اور اس کے سدباب کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس وائرس نے عالمی سطح پر زائد از 3000افراد کی جان لی ہے ۔ دریں اثناء راجستھان کے وزیر صحت رگھوشرما نے کہاکہ جئے پور میں ایک اطالوی سیاح کا کورونا وائرس کیلئے ٹسٹ مثبت پایا گیا ۔ 29 فبروری کو اس سیاح کا ابتدائی نمونہ جانچ میں منفی پایا گیا تھا لیکن اُس کی حالت بگڑ گئی ۔ اس لئے دوسری مرتبہ نمونہ دیا گیا جس کی جانچ پیر کو مثبت پائی گئی ۔ ریاستی وزیر صحت نے کہاکہ اس کی رپورٹس میں تغیر کو دیکھتے ہوئے نمونوں کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرالوجی (پونے) بھیجا گیا۔ قبل ازیں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایا کہ کورونا وائرس (کووڈ۔19 ) کے دو مثبت کیس کی تصدیق ہوئی ہے ایک دہلی میں اور دوسرا تلنگانہ میں مثبت پایا گیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ ایک شخص اٹلی سے دہلی آیا ہے جبکہ دوسرا دہلی سے تلنگانہ پہنچا ہے ۔ اس طرح ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے ۔تاہم تین مریضوں کو کیرالا میں علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ۔ ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کے سوال پر انھوں نے بتایا کہ ملک کے اہم 21 ایرپورٹس اور 12 بڑی بندرگاہوں کے علاوہ دیگر 65 سی پورٹس پر مسافرین کی اسکریننگ کی جارہی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ایرپورٹس پر 5,57,431 مسافرین کی اسکریننگ کی گئی جبکہ بندرگاہوں پر اسکریننگ کئے گئے مسافرین کی تعداد 12,431 ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ صورتحال کے مطابق دیگر ممالک کے لئے بھی سفری پابندیوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ اس وقت چین اور ایران کے سفر سے ہندوستانی شہریوں کو گریز کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ طبی نمونوں کی جانچ کے لئے 15 تا 50 لیباریٹریز کام کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صورتحال خوفزدہ ہونے کی نہیں ہے ۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ شخصی طورپر حفظان صحت کے اُصولوں پر خاص توجہ دیں۔