علماء کا اجلاس طلب کیا جائے ۔ سکریٹری سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے تجویز پیش کی کہ چیف منسٹر کے سی آر، علما و مشائخ کا اجلاس طلب کرکے نظام الدین مرکز سے واپس افراد کے طبی معائنوں کو یقینی بنائیں۔ معائنوں کیلئے علماء کا تعاون حاصل کیا جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کورونا سے نمٹنے کے اقدامات میں تمام جماعتوں کو شامل کرنے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس تباہی مچارہا ہے۔ وائرس کیلئے کوئی مذہب، علاقہ، زبان اور ملک کی کوئی قید نہیں ہے۔ وائرس کے خلاف جنگ میں ہمیں کامیاب ہونا ہے، اس کیلئے وقت کم ہے۔ انہوں نے وائرس کیلئے کسی مذہب کو ذمہ دار قرار دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 13 مارچ کو وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ کورونا سے ہندوستان کو خطرہ نہیں ہے۔ نظام الدین مرکز پر وائرس کی ذمہ داری عائد کرنا ٹھیک نہیں۔ بیرونی ممالک سے آئے افراد سے وائرس ہندوستان میں پھیلا ہے۔ حکومت نے بیرونی افراد کی مناسب جانچ نہیں کی اور اس لاپرواہی کے نتیجہ میں وائرس کا پھیلائو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کے خطرے کو سمجھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مرکز و ریاست نے جو احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں، وہ بہت پہلے اختیار کرنا چاہئے تھا اگر پہلے حکومت چوکسی اختیار کرتی تو صورتحال اس قدر ابتر نہ ہوتی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نہیں بلکہ تمام کو وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔