حیدرآباد۔29ڈسمبر(سیاست نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی لہر نے دہشت مچانی شروع کردی ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں مریضوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے لگا ہے۔ امریکہ ‘ فرانس ‘ کینیڈا ‘ لندن کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس کے متاثرین میں بے تحاشہ اضافہ ہونے لگا ہے اور وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے سبب ان ممالک میں سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امریکہ میں گذشتہ یوم ایک دن میں 2لاکھ 36ہزار 945کورونا وائرس کے متاثرین کی شناخت ہوئی ہے اور امریکہ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1کروڑ 17لاکھ 88ہزار 848 تک پہنچ چکی ہے۔ فرانس میں آج ایک دن میں 2لاکھ مریضوں کی توثیق کے بعد فرانس میں کورونا وائرس کے جملہ مریضوں کی تعداد 14لاکھ 77ہزار604 تک پہنچ چکی ہے۔ لندن میں گذشتہ یوم 1لاکھ 30 ہزار نئے کورونا مریضوں کی نشاندہی کے بعد لندن میں ان کی تعداد 21 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔ آسٹریلیاء میں جہاں کورونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران انتہائی کم افراد کورونا سے متاثر ہورہے تھے۔ اب وہاں بھی یومیہ مریضوں کی تعداد ہزاروں میں ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ کل آسٹریلیا میں 12ہزار نئے کورونا کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی اس طرح ملک میں مریضوں کی تعدادایک لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ 29ڈسمبر کو آسٹریلیاء میں 18 ہزار نئے مریضوں کے اضافہ کا خدشہ ہے۔ اسپین ‘ اٹلی اور ارجنٹینا میں بھی یومیہ مریضوں کی تعداد 50ہزار سے تجاوز کرنے لگی ہے جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال قرار دی جا رہی ہے۔ کینیڈا میں گذشتہ یوم 27 ہزار سے زائد کورونا کے نئے مریضوں کی شناخت کے ساتھ مجموعی تعددا 2لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ ایجنسیوں کے مطابق دنیا بھر کے کئی ممالک میں 29اکٹوبر سے کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اس اضافہ پر قابو پانے کے لئے مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ عالمی ماہرین کا کہناہے کہ اومی کرون نامی نئی کورونا وائرس کی قسم کی نشاندہی کے بعد جنوبی افریقی ممالک سے پروازوں کو بند کرنے کے اقدامات کے باوجود کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ تشویشناک ہے ۔جنوبی افریقی ممالک میں جہاں اومی کرون کی نشاندہی کی گئی تھی وہاں کی صورتحال میں کافی بہتری دیکھی جا رہی ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران اومی کرون کے متاثرین کی تعداد میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ لیکن جس رفتار سے دیگر ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی ہونے لگی ہے اس کو دیکھتے ہوئے اس بات کی توثیق کی جانے چکی ہے کہ اومی کرون ڈیلٹا نامی قسم سے 5.6 گنا زیادہ تیز رفتار سے پھیلنے کی صلاحیت کا حامل ہے اسی لئے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔م