حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس لیڈر و فلم اسٹار وجئے شانتی نے کورونا وائرس کیلئے مسلمانوں کو ذمہ دار قرار دینے بعض گوشوں کی کوششوں کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ کسی بھی مذہب کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین وجئے شانتی نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملہ میں مذہب کو شامل کرنا دکھ کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو نشانہ بناتے ہوئے بعض گوشوں کی جانب سے تبصرے کئے جارہے ہیں جو قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں تبلیغی مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کو چاہیئے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی معلومات عہدیداروں تک پہنچائیں۔ یہ اقدام نہ صرف انفرادی بلکہ ارکان خاندان اور سماج کیلئے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیلئے سارے مسلم سماج کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد امریکہ اور یوروپ میں متاثر ہیں لیکن اسے چین سے منسوب کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ہمیں وباء سے نمٹنے کے سلسلہ میں مذہب، علاقہ اور فرقہ سے اُٹھ کر تدارک کیلئے کام کرنا ہوگا۔