تحصیلداروں اور متعلقہ عہدیداروں سے پداپلی ضلع کلکٹر سکتا پٹنائک کا خطاب
پداپلی۔/24مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پداپلی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے میں ان کا تعاون ناگزیر ہے۔ لاک ڈاؤن ( مکمل بند ) کے تناظر میں کئے جانے والے اقدامات پر ضلعی عہدیداروں ‘ تحصیلداروں اور متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ضلع کلکٹر نے ٹیلی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کو وڈ -19 وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے 31 مارچ 2020 تک ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے جس پر ضلع میں موثر انداز میں عمل آوری کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ 1897 ایکٹ کا استعمال کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے موقع پر کئے جانے والے اقدامات پر حکومت نے احکامات جاری کئے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 31 مارچ 2020 تک رضاکارانہ طور پر خود پر کنٹرو ل کریں۔ جہاں تک ممکن ہو گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ضروری سامان کے دوکانوں کے علاوہ ماباقی تمام تجارتی اداروں اور خانگی دفاتر کو بند کردیا جائے۔ قانون کے مطابق تباہ کن اوقات میں ملازمین کو اجرت دی جائے۔ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو فاقہ کشی سے بچانے کے تحت فوڈ سیکوریٹی کارڈ رکھنے والے ہر فرد کو 12 کلو کے حساب سے چاول دئے جائیں گے۔ چاول کی فراہمی کے دوران لئے جانے والے حفاظتی اقدامات کے متعلق ضلع کلکٹر نے سول سپلئی عہدیداران کو ہدایت دی۔ عوام کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ آنگن واڑی مراکز کو بند کردیا گیا ہے۔ تاہم حاملہ عورتوں کو اور چھوٹے بچوں کو ممکنہ حد تک تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضلع کلکٹر نے عہدیدار برائے محکمہ بہبود کو ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تا حال ضلع میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے 131 افراد کی نشاندہی کر انھیں اسٹامپ ڈالاگیا ہے اور انھیں لازمی طور پر 14 دنوں تک گھروں میں بند رہنے اور متعلقہ منڈل کے عہدیداروں کو دن میں دو بار ان کی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔ عوام کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے ‘ انفرادی حفظان صحت کو زیادہ اہمیت دینے’ ہاتھوں کو اکثر دھونے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ کووڈ -19 کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ضلع بھر میں 120 آئیسولیشن وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ نہایت ہی پیچیدہ حالات میں حکومت کے رہائشی مکانات میں بھی بیڈس کا انتظام کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ اس موقع پر عہدیداروں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پداپلی سرکاری دواخانے میں 20 ‘ گوداووری کھنی ایریا دواخانے میں 20 ‘ سلطانہ آباد ٹی بی دواخانے میں 40 ‘ سنگرینی ہسپتال میں 10 ‘ این ٹی پی سی ہسپتال میں 10 ‘ آروگیا شری نیٹ ورک ہسپتال میں 20 بستروں پر مشتمل بیڈس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مندرجہ بالا ہسپتالوں میں جملہ 30 آئی سی یو بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلع میں کووڈ – 19 کی روک تھام کے لئے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مقامی سطح پر عوام کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ اس پس منظر میں وہ گھر وں میں ہی محدود رہنے کو ترجیح دیں ‘ ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے صرف ایک شخص گھر سے باہر نکلے۔ 3 میٹڑ کی دوری قائم رکھیں۔ صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ کو وڈ-19 مرض کی علامات کا شبہ ہونے پر فوری قریبی ہسپتال سے رجوع ہوں یا اس کی اطلاع حکومت کو ضرور پہنچائیں۔ اطلاع موصول ہونے کے فوری بعد ا س مریض کو جلد سے جلد طبی علاج مہیا کیا جائے گا۔ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا ‘ ضلعی عہدیداران ‘ تحصیلدار ‘ ایم پی ڈی او ‘ متعلقہ عہدیدار وغیرہ نے اس ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی۔