ضلعی سطح پر بھی منصوبہ بندی ، ضلع انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال پر مستعد رہنے کی ہدایت
حیدرآباد۔18مارچ(سیا ست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ رنگاریڈی میں حکومت کی جانب سے 1720 بستروں پرمشتمل عارضی دواخانوں کو تیار رکھا گیا ہے اور ان مقامات پرمشتبہ مریضوںکو شہریوں سے دور رکھتے ہوئے انہیں علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات میں ضلع رنگاریڈی میں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جا رہی ہیں جن میں 12 مقامات پر1720بستروں کی تیاری کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ضلع رنگاریڈی میں پروفیسر جئے شنکر زرعی یونیورسٹی کے علاوہ گچی باؤلی ‘نیشنل انسٹیوٹ آف اگریکلچرل ایکسٹینشن مینجمنٹ‘ این آئی آر ڈی ‘ این اے اے آر ایم‘ این آئی پی ایچ ایم میں مریضوں کو رکھنے اور ان کی تشخیص کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان مقامات کے علاوہ اضلاع میں بھی اس سہولت کی فراہمی پر غور کیا جا رہاہے کیونکہ اب تک جو مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے ان میں اضلاع پہنچنے والے مریض بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس با ت کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جن لوگوں میں کوروناوائرس کی علامات پائی جا رہی ہیں ان کو فوری طور پر ان مراکز میں منتقل کیا جائے جہاں انہیں عوام سے دور رکھتے ہوئے ان کے علاج کے علاوہ کورونا وائر س کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کے علاوہ حکومت کی جانب سے ضلع انتظامیہ کو بھی مستعد رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پایا جاسکے ۔