۔40 متاثرین علاج کے بعد گھروں کو بھیج دئے گئے ۔ مریضوں کی تعداد میں کیرالا پہلے اور مہاراشٹرا دوسرے نمبر پر
نئی دہلی 24مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 10 تک جا پہونچی ہے جبکہ دہلی میں آج اس وائرس کی وجہ سے دوسری موت ہوئی ہے ۔ اسی طرح ہندوستان میں اب تک اس وائرس کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے اوریہ تعداد 519 ہوگئی ہے جن میں متوفی مریض بھی شامل ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے یہ بات بتائی ۔ مغربی بنگال اور ہماچل پردیش میں ایک ایک فرد کی موت واقع ہونے کی اطلاع ہے جبکہ اس سے قبل سات افراد کے مرنے کی اطلاع تھی ۔ ان میں مہاراشٹرا میں دو ‘ بہار کرناٹک ‘ گجرات اور پنجاب میں ایک ایک شخص کی موت شامل تھی ۔ رات 8.15 بجے اپ ڈیٹ کئے گئے اعداد و شمار کے بموجب فی الحال اس وائرس کی وجہ سے زیر علاج مریضوں کی تعداد 469 ہے جبکہ 40 افراد کا علاج کردیا گیا ۔ انہیں گھروں کو بھیج دیا گیا یا پھر دوسرے مقامات کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈاٹا میں کہا گیا ہے کہ اب تک اس کے معائنوں کے مطابق536 افراد میں کورونا معائنوں کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔ ان میں 43 بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ پیر کی شام ممبئی میں ایک 65 سالہ شخص کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہوئی تھی ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے یہ بات بتائی ہے تاہم اس کیس کو وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ کیرالا میں سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد بتائی گئی ہے جن میں آٹھ بیرونی شہری بھی شامل ہیں یہاں 95 مریض ہیں جبکہ مہاراشٹرا 89 مریضوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔
کرناٹک میں 37 کیس پائے گئے ہیں جبکہ تلنگانہ میں 35 کیس ہیں جن میں 10 بیرونی شہری شامل ہیں۔ راجستھان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 32 بتائی گئی ہے جن میں دو بیرونی شہری شامل ہیں۔ اسی طرح اترپردیش میں 33 مثبت کیس پائے گئے ہیں۔ ان میں ایک بیرونی شہری شامل ہے ۔ گجرات میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 33 ہے ۔ ان میں ایک بیرونی شہری شامل ہے ۔ دہلی میں ایک بیرونی شہری سمیت جملہ 30 مریضوں میں کورونا وائرس کے مثبت ہونے کی توثیق ہوچکی ہے ۔ ہریانہ میں اس وائرس کے 28 کیس بتائے گئے ہیں جن میں 14 بیرونی شہری ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 29 بتائی گئی ہے ۔