محکمہ پولیس کی خدمات ناقابل فراموش ، میگا ٹیکہ اندازی کیمپ سے محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عوام کو ٹیکہ لیتے ہوئے کورونا وبا کے خلاف چھیڑی گئی جنگ جیتنے میں حکومت سے تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ حیدرآباد سٹی پولیس اور حیدرآباد سٹی سیکوریٹی کونسل کے زیر اہتمام سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی بنجارہ ہلز میں منعقدہ میگا ٹیکہ اندازی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران محکمہ پولیس کی عوامی خدمات موثر رہیں اور اس نے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیا ہے ۔ غریبوں اور ضرورت مندوں کی خدمت کے پروگرامس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔ گذشتہ 15 ماہ کے دوران ریاست میں محکمہ صحت ڈاکٹرس نرسیس طبی عملہ نے جو خدمات انجام دی ہے ، وہ ناقابل فراموش ہے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ پولیس نے مفت کورونا ٹیکہ کے فراہمی کے لیے 5 ہزار غریب عوام کی نشاندہی کی ہے ۔ جس میں فقرا ، کچرا اٹھانے والے ، ٹرالجینڈرس ، جھونپڑ پٹی میں رہنے والے عوام شامل ہیں ۔ اس میگا ٹیکہ اندازی کیمپ کے انعقاد میں رینبو چلڈرن ہاسپٹل ، سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی اور شریاس میڈیا نے مکمل تعاون کیا ہے ۔ جب کہ میگا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ نے ویکسین فراہم کیا ہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست کے عوام کو مفت ٹیکہ دینے کے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پہلی لہر کی طرح کورونا کی دوسری لہر پر بھی بہت جلد قابو پالیا جائے گا ۔ حکومت نے کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کے لیے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ میگا کورونا کیمپ کا اہتمام کرنے پر وزیر داخلہ نے کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے عہدیداروں کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی ظفر جاوید ، ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، ایم گوپی ناتھ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔