کورونا وباء کے باوجود پوسٹل اسٹاف کی جرأتمندانہ خدمات

   

دونوں تلگو ریاستوں میں 100 ملازمین کی موت، لاک ڈاؤن کے باوجود کوئی بھی سرویس متاثر نہیں
حیدرآباد۔ کورونا وباء کے دوران مختلف سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی متاثر ہوئی لیکن دونوں تلگو ریاستوں میں پوسٹل اسٹاف نے کورونا کی پرواہ کئے بغیر دیدہ دلیری اور جرأتمندی کے ساتھ اپنی خدمات کو جاری رکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا سے 100 سے زائد پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کی موت واقع ہوئی جبکہ 1000 سے زائد متاثر ہوئے۔ تلنگانہ میں 968 پوسٹل ایمپلائز کورونا سے متاثر ہوئے تھے جن میں سے 643 صحت یاب ہوئے اور باقی 345 ایکٹیو کیسس کے طور پر برقرار ہیں۔ آندھرا پردیش میں یہ تعداد مزید زیادہ ہے ۔ جملہ 1210 پوسٹل ملازمین کورونا کا شکار ہوئے جن میں سے 534 صحت یاب ہوئے۔ 81 ملازمین کی موت واقع ہوئی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے فیلڈ اسٹاف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں کورونا سے بچانے کیلئے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ کورونا وباء کے آغاز کے بعد اخبارات کے ذریعہ وائرس پھیلنے کی افواہوں نے عوام کو اخبارات سے دور کردیا تھا اسی طرح پوسٹل ڈپارٹمنٹ سے آنے والی ڈاک ، پارسلس، لیٹرس، اسپیڈ پوسٹس اور منی آرڈرس کی تقسیم جیسی سرگرمیوں کے بارے میں اندیشے ظاہر کئے جارہے تھے لیکن پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے فیلڈ اسٹاف نے وباء کی پرواہ کئے بغیر اپنی خدمات کو بہتر طور پر انجام دیا۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیلڈ اسٹاف نے لیٹرس اور دیگر اشیاء کو مکانات تک پہنچایا۔ پارسل سرویس کے تحت مختلف اشیاء منتقل کی گئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 12 ملازمین اور گرامین ڈاک سیوا سے وابستہ 26 ملازمین کی کورونا سے موت واقع ہوئی ہے۔ دونوں ریاستوں کے پوسٹ ماسٹرس جنرلس نے اعتراف کیا ہے کہ فیلڈ اسٹاف کی اموات دیگر ملازمین کے مقابلہ زیادہ ہے ان میں بھی دیہی علاقوں کا اسٹاف زیادہ متاثر ہوا ہے۔ عوام سے راست رابطہ کے نتیجہ میں کورونا سے متاثر ہونے کے خطرہ کے باوجود فیلڈ اسٹاف کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پوسٹ آفسوں میں اسٹامپس اینڈ اسٹیشنری کی فروخت میں کمی آئی ہے۔ محکمہ نے اپنے ملازمین کیلئے کورونا سے بچاؤ سے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود دوسری لہر میں فیلڈ اسٹاف نے لیٹرس اور دیگر اشیاء کو پہنچانے میں کوئی تساہل نہیں کیا۔ ڈپارٹمنٹ نے ہر فیلڈ ملازم کو ماسک، سینٹائزرس اور گلووز فراہم کئے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ اپنے ملازمین کے علاوہ ان کے افراد خاندان کی ممکنہ مدد کا منصوبہ رکھتا ہے۔