نیویارک: کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اس وقت کئی ویکیسنز استعمال کی جارہی ہیں جنہیں بازو پر ٹیکے کے ذریعہ جسم میں داخل کیا جاتا ہے لیکن اب طبی ماہرین نئی قسم کی ایک ویکسین سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں، جسے ٹیکے کے بجائے اسپرے کی شکل میں ناک کے اندر چھڑکا جائے گا۔حال ہی میں اس سلسلے میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی نئی قسم ’ناک کے اسپرے‘ پر تجربات کئے گئے ہیں جو زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہے لیکن ماہرین نے اسپرے سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔ایسٹرا زینیکا اسپرے کے انسانوں پر کئے گئے تجربات میں رضاکاروں میں وائرس کے خلاف پیدا ہونے والی مدافعت انجکشن کے بعد بننے والی اینٹی باڈیز کے مقابلے میں کم تھی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہیکہ ناک میں اسپرے کرنے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اور یہ اسپرے اسی طرح مؤثر ثابت ہوسکتا ہے جیسا کہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ہے، جس کے قطرے منہ میں ٹپکائے جاتے ہیں۔ طبی ماہرین اسپرے کو مستقبل کی ویکسین قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ویکسین کا اسپرے انجکشن سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔