سرینگر11جون (سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر سہیل نائیک نے کہا ہے کہ ہمیں وائرس کے بیچ تمام شعبہ ہائے حیات چلانے کے لئے کووڈ پروٹوکال کے عین مطابق زندگی گذارنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویکیسن نہیں آتی ہے تو کم سے کم دو سال کے بعد اور اگر ویکسین تیار کی جاتی ہے تو چھ ماہ کے بعد ہی زندگی معمول پر آسکتی ہے ۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ سماجی دوری برقرار رکھنے ، ماسک لگانے اور ہاتھ دھونے کے تین اہم کاموں پر مکمل طور پر عمل کرنے سے کورونا وائرس پر فتح حاصل کی جاسکتی ہے ۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ایک پروگرام ‘سکون’ میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کے اثرات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا:’’جب عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ہم نے کورونا کے ساتھ جینا ہے تو لوگوں کو لگا کہ شاید ہم نے وائرس پر فتح حاصل کی ہے ایسا کچھ بھی نہیں ہے ہمیں وائرس کے بیچ ہی باقی تمام شعبہ ہائے حیات بھی چلانے ہیں لہٰذا آگے کی زندگی کووڈ پروٹوکال کے عین مطابق گذارنی پڑے گی‘‘۔