تلنگانہ میںکیسیز قابو میں، مرکزی وزیر صحت کی ویڈیو کانفرنس میں ای راجندر کابیان
حیدرآباد : تلنگانہ کے وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن پر زور دیا کہ وہ کورونا ویکسین کا مزید اسٹاک فراہم کرے تاکہ تلنگانہ بھر میں ٹیکہ اندازی کے عمل میں تیزی پیدا کی جاسکے ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن کے ساتھ آج ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران ای راجندر نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے باوجود تلنگانہ میں کورونا کیسیس قابو میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور پڑوسی اضلاع میں کورونا وباء پھیل رہی ہے ۔ گذشتہ سال کے برخلاف کورونا وباء کے باعث دواخانوں میں شریک ہونے والے مریضوں کی تعداد کنٹرول میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے ہیلت کیر ورکرس کورونا پازیٹیو مریضوں کی تلاش کیلئے انتھک جدوجہد کررہے ہیں ۔ مریضوں کو ہوم کورنٹائن کیا جارہا ہے جن کے گھروں پر ہوم کورنٹائن کی سہولت نہیں ہے انہیں حکومت کی جانب سے کورنٹائن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ای راجندر نے بتایا کہ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے حال ہی میں شروع کردہ انٹی گریٹیڈ ہیلت انفارمیشن پلیٹ فارم سے کورونا وائرس پر نظر رکھنے کے علاوہ دیگر 33 مختلف قسم کے وبائی امراض کی نگرانی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ہرش وردھن کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ای راجندر نے بتایا کہ تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں میں مناسب عملہ موجود ہے جب کہ کورونا پازیٹیو مریضوں کے علاج کیلئے وافر مقدار میں ادویات اور لکویڈ آکسیجن موجود ہیں ۔ خانگی اور سرکاری دواخانوں میں مناسب بستر دستیاب ہیں اور مریضوں کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ای راجندر کے مطابق شخصی طور پر انہوں نے خانگی ہاسپٹلس کے انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے زور دیا کہ کورونا علاج کی قیمت کو وہ خود اپنے طور پر باقاعدہ بنائیں ۔ گذشتہ سال کے برخلاف اس مرتبہ کورونا وباء سے متعلق مکمل معلومات فراہم ہورہی ہے اور تلنگانہ میں اس وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جائے گا ۔