کورونا ویکسین کی دوسری خوراک، سعودی حکومت کی اہم وضاحت

   

ریاض : سعودی حکومت نے سوشل میڈیا پر زیرگردش کورونا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق افواہوں پر وضاحت کردی۔وزارت صحت نے ویکسین کے مضر اثرات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی گمراہ کن خبریں قابل تشویش ہیں۔حکام نے یقین دلایا ہے کہ دوسری خوراک کا عمل معطل کیے جانے کی وجہ سائیڈ ایفکٹ نہیں ہیں دراصل عالمی سطح پر ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث عارضی طور پر دوسری خوراک نہیں دی جارہی۔وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ عالمی سطح پر ویکسین دستیابی کے معاملے میں التوا کا سامنا ہے اور جیسے ہی ویکسین دستیاب ہوگی تو دوسری خوراک کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔سعودی عرب نے کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے اور بڑے پیمانے تک لوگوں کو مہیا کرنے کے لیے دوسری خوراک کی طے شدہ تاریخیں ملتوی کر دی تھیں۔وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں دوسری خوراک کے لیے مقررہ کی گئی تمام تاریخیں فی الحال ملتوی کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔مملکت میں وسیع پیمانے تک لوگوں کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک مہیا کرنے کی غرض سے دوسری خوراک فراہم کرنے کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ وزارت صحت نے اس فیصلے کے حوالے سے کہا کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں ویکسین کی خوراکیں مقررہ تاریخوں پر مطلوبہ مقدار میں فراہم نہیں کر رہی ہیں۔