36 لاکھ افراد نے دوسری خوراک حاصل نہیں کی، ماسک کے استعمال میں لاپرواہی خطرناک، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کا بیان
حیدرآباد۔21 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حصول میں غفلت اور لاپرواہی نقصان کا باعث بن سکتی ہے ۔ ریاست میں کورونا کے جو نئے کیسس منظر عام پر آرہے ہیں، ان میں زیادہ تر ایسے افراد شامل ہیں جنہوں نے ویکسین حاصل نہیں کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ ویکسین کے سلسلہ میں کئی افراد تساہل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کا حصول مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے بارے میں محکمہ صحت کی جانب سے شعور بیداری مہم جاری ہے ۔ کورونا کے تازہ ترین معاملات میں زیادہ ترین متاثرین ایسے ہیں جنہوں نے ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی ہے ۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ روس اور برطانیہ میں کیسس اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ لہذا ہندوستان میں بھی عوام کو کورونا سے بچاؤ کے لئے ٹیکہ اندازی پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لازمی طور پر ٹیکہ حاصل کرنے سے بچاؤ کے امکانات زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ابھی تک تقریباً 69 لاکھ افراد ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین کی ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی ہے۔ ایسے افراد کو فوری ٹیکہ حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہوں نے پہلی خوراک حاصل کرلی ہے ، وہ دوسری خوراک کے بارے میں لاپرواہی نہ کریں۔ دونوں خوراک حاصل کرنے میں کورونا سے بچاؤ ممکن ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے مطابق 60 فیصد کورونا کے متاثرین ایسے ہیں جنہوں نے ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی جبکہ 30 فیصد ایسے مریض پائے گئے جنہوں نے پہلی خوراک حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خوراک حاصل کرنے والے صرف 5 تا 10 افراد کو دوبارہ کورونا وائرس نے متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ دو دنوں میں تین کروڑ ویکسین کی خوراک دینے کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا ۔ 75 فیصد افراد کو کورونا کی پہلی خوراک اور 39 فیصد کو دونوں خوراک دینے کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ مزید 33 فیصد افراد کو
دوسری خوراک حاصل کرنا باقی ہے ۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور پازیٹیو کیسس کی شرح محض 0.4 فیصد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ دونوں خوراک حاصل کرنے پر کورونا سے 99 فیصد بچاؤ کے امکانات ہیں۔ 36.35 لاکھ افراد ایسے ہیں جن کے دوسری خوراک حاصل کرنے کی مدت ختم ہوچکی ہے۔ ایسے افراد کو فوری طور پر دوسری خوراک حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد بچوں کے لئے کورونا ٹیکہ اندازی کے مرحلہ کا آغاز کیا جائے گا ۔ آئندہ دو ہفتوں میں اس سلسلہ میں تفصیلات کو قطعیت دی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے 2 سے 18 سال عمر کے بچوں کی ٹیکہ اندازی کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لئے تیار کردہ بھارت بائیوٹیک کے ویکسین کو جلد ہی منظوری حاصل ہوجائے گی۔ تلنگانہ میں تقریباً ایک کروڑ بچوں کی ٹیکہ اندازی کی منصوبہ بندی ہے ۔ انہوں نے ماسک کے استعمال میں لاپرواہی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 20 فیصد افراد بھی ماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال کے بغیر کورونا پر قابو پانا مشکل ہے ۔ عوام میں ماسک کے استعمال کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ ر