حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی 16 جنوری کو ملک بھر میں کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے آغاز کے موقع پر حیدرآباد میں گاندھی ہاسپٹل اور رنگا ریڈی کے نارسنگی رورل ہیلت سنٹر سے آن لائین ربط قائم کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کے بارے میں ہیلت ورکرس سے بات چیت کریں گے ۔ تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کیلئے 139 سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد میں جملہ 13 ٹیکہ اندازی مراکز قائم کئے گئے جن میں 6 خانگی ہاسپٹلس اور 7 مراکز سرکاری دواخانوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ٹیکہ اندازی کیلئے تقریباً 35 ہزار ہیلت ورکرس کو تربیت دی ہے۔ کتہ گوڑم میں چار مراکز قائم کئے گئے جو گورنمنٹ ہاسپٹلس میں ہیں۔ گدوال میں 4 ، عادل آباد 3 ، بھوپال پلی 3 ، جگتیال 2 اور جنگاؤں میں 2 مراکز قائم کئے گئے ۔ یہ تمام مراکز گورنمنٹ ہاسپٹلس میں قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر صحت ای راجندر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیکہ اندازی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔