کورونا ٹیکہ اندازی میں وکلاء کو ترجیح نہیں،تلنگانہ ہائی کورٹ کی وضاحت

   


حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں وکلاء کو ترجیح دینے سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا جس میں ریاست یا مرکزی حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس ابھیشیک ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈوکیٹ پونم اشوک گوڑ کی جانب سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی جو چاہتے تھے کہ کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی میں وکلاء کو ترجیح دی جائے کیونکہ وہ بھی فرنٹ لائن وارئیرس میں شامل ہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے کہا کہ حکومت ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں مرکزی حکومت کے گائیڈ لائنس پر عمل کررہی ہے جس کے تحت ہیلت ورکرس، فرنٹ لائن وارئیرس اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو ترجیح دی جارہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گذار چاہیں تو وہ اس معاملہ میں مرکز سے نمائندگی کرسکتے ہیں۔ عدالت نے مقدمہ کی یکسوئی کردی۔