کورونا ٹیکہ کاری کے بعد بھی 475 افراد کی موت، حکومت کا اعتراف

   

نئی دہلی :ہندوستان میں کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لیے لگاتار کہا جا رہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکہ کاری کی جائے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے، لیکن اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کووڈ-19 کا ٹیکہ لگانے کے باوجود 28 مئی تک 475 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس بات کی جانکاری خود مرکز کی مودی حکومت نے دی ہے۔ گویا کہ مودی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ سینکڑوں لوگ ٹیکہ کاری کے بعد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔دراصل مرکزی وزارت صحت نے بامبے ہائی کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا ہے جس میں مذکورہ جانکاری دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے 14 صفحہ کے حلف نامہ میں کہا ہے کہ 28 مئی تک ہوئی ٹیکہ کاری کے بعد دیکھنے میں آیا ہے کہ اب تک 475 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ٹیکہ کاری کو لے کر کئی طرح کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے خصوصاً دیہی علاقوں میں لوگ ٹیکہ لگانے سے پرہیز کررہے ہیں۔ حالانکہ وزیراعظم مودی نے 7 جون کو ملک کے نام اپنے خطاب میں واضح لفظوں میں کہا کہ ٹیکہ کاری کے ذریعہ ہی کورونا پر قابو پایا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں پھیل رہی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔