واشنگٹن ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کا آغاز چینی شہر ووہان کی ایک تحقیقاتی لیبارٹری ‘ووہان انسٹی ٹیوٹ آف ویرولوجی’ سے ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں ایک صحافی کی طرف سے کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق بیجنگ حکومت اپنے ملک میں اس وائرس کو روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتی یا پھر روکنا نہیں چاہتی تھی۔ ان کے بقول اس مہلک وائرس کے نتیجے میں دنیا بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے بیجنگ حکومت کے خلاف مزید پابندیاں بھی عائد کر سکتے ہیں۔