جالندھر ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے شہر جالندھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اچانک بڑھنے سے لوگ خوفزدہ ہیں اور انہوں نے اخبار خریدنا اور پڑھنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے اخبار ہاکر آج سے اپنا کام بند کرنے پر مجبور ہیں۔ جالندھر ضلع کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے ۔ یہاں متاثرین کی تعداد 53 ہے ۔ دو لوگوں اس موت ہو چکی ہے جبکہ اب تک صرف 6 لوگ اس بیماری سے ٹھیک ہوئے ہیں۔دی جالندھر نیوز پیپر ڈسٹرٹی بیوشن اسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جسونت سنگھ اور جنرل سیکرٹری پرمندر سنگھ نے آج بتایا کہ کورونا وائرس کے خوف سے لوگوں نے اخبار خریدنا چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ہاکر اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کے گھروں تک اخبار پہنچا رہے ہیں لیکن خریداروں نے اخبار لینے سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ سے تمام ہاکروں نے گھروں میں 3مئی تک اخبارات پہنچانے بند کردیئے ہیں۔