نئی دہلی :کئی ایسی خبریں سامنے آئی ہیں جن میں کورونا کے ہندوستانی ویریئنٹ کو خطرناک بتایا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ مرکز کی مودی حکومت کو اس طرح کی خبروں پر اعتراض ہونے لگا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ کورونا کا کوئی ہندوستانی ویریئنٹ نہیں ہے اس لیے اس طرح کے مواد نامناسب ہیں۔ اسی لیے مرکزی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنی کو ایک ہدایت دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے ایسے مواد کو ہٹائیں جن میں کورونا وائرس کے مبینہ ’ہندوستانی ویریئنٹ‘ کا تذکرہ کیا گیا ہے یا اس کا حوالہ دیا گیا ہے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارمس نے مرکزی حکومت کے ذریعہ دی گئی اس ہدایت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ انھیں نئے مشورے ملے ہیں جس پر عمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ آئی ٹی وزارت نے کل سبھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کو لکھے خط میں زور دے کر کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کے ’بی.1.67‘ ویریئنٹ کے ساتھ اپنی کسی رپورٹ میں ’ہندوستانی ویریئنٹ‘ کا تذکرہ نہیں کیا ہے۔