حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے تجاویز پیش کرنے 12 رکنی مشاورتی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ اس کمیٹی میں صحت کے شعبہ کے ماہرین کے علاوہ وبائی صورتحال کے ماہرین اور سینئر ڈاکٹرس موجود ہیں۔ امکانی تیسری لہر میں کم عمر بچوں کے متاثر ہونے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے کمیٹی میں امراض اطفال کے ماہر ڈاکٹرس کے علاوہ ای این ٹی اسپیشلسٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار کمیٹی سے تعاون کریں گے ۔ کورونا کی دوسری لہر قابو میں ہے لیکن ماہرین نے تیسری لہر کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ، لہذا حکومت کمیٹی سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں رپورٹ حاصل کریگی ۔ کمیٹی میں سی سی ایم بی ڈائرکٹر ، ڈائرکٹر آئی آئی سی ٹی ، سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ، سپرنٹنڈنٹ تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ، سپرنٹنڈنٹ ای این ٹی ہاسپٹل ، سپرنٹنڈنٹ چیسٹ ہاسپٹل ، ڈائر کٹر نمس ، وائس چانسلر ، یونیورسٹی آف ہیلت سائنسس کو شامل کیا گیا ۔ توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ریاست کیلئے روڈ میاپ تیار کیا جائیگا ۔ پہلی اور دوسری لہر کے تجربات کی روشنی میں حکومت کو تیسری لہر سے نمٹنے تجاویز پیش کی جائیگی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں محکمہ صحت کو کافی سبق سکھائے ہیں اور وباء سے نمٹنے کے طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں حکومت پہلے سے زیادہ چوکس ہے۔