نئی دہلی: ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 90928 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور چہارشنبہ کے مقابلہ معاملوں میں 56.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ کورونا کی اس تیسری لہر کے دوران بڑی تعداد میں ڈاکٹر بھی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ان کی ٹیکہ کاری سب سے پہلے کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی، دہلی، کولکاتا، پٹنہ، چنڈی گڑھ، لکھنو اور پٹیالہ میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ملک میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔کورونا کی تیسری لہر مہاراشٹرا کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26538 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہاں ڈاکٹر بھی بڑی تعداد میں کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں مختلف اسپتالوں میں 260 ریزیڈنٹ ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز سیون اسپتال میں ہی 30 ریزیڈنٹ ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوگئے۔ادھر دہلی میں بھی ڈاکٹروں میں کورونا کا پھیلاو نظر آ رہا ہے۔ دہلی کے ایمس میں ہی کم از کم 50 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔ وہیں، صفدر جنگ میں بھی 26 ڈاکٹروں میں کورونا پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رام منوہر لوہیا کے 38 ڈاکٹروں سمیت 45 طبی اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔