نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے روز ڈرگس کنٹرولر جنرل (ڈی سی جی آئی) کو کووڈ۔19 کے علاج میں استعمال ہونے والی دواؤں کی ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات کرنے اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر سے اتنی بڑی مقدار میں کورونا وائرس کے علاج والی دوا فیبی فلو کی خریداری اور تقسیم کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے کی ہدایت دی۔جسٹس وپن سنگھ اور جسٹس جسسمیت سانگھی کی ڈویژن بنچ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر اور عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی پریتی تومر اور پروین کمار کے خلاف وبا کے دوران دواؤں کی ذخیرہ اندوزی کے الزام میں دائر درخواست کی سماعت کررہی ہے۔بنچ نے کہا کہ گوتم گمبھیر کی نیت بھلے ہی نیک رہی ہو، لیکن جب دوا کی سپلائی کم ہو رہی ہو، تو انہوں نے کثیر مقدار میں دوائیں خرید کر کچھ نقصان پہنچایا ہے۔عدالت نے ڈرگ کنٹرولر سے ایک ہفتے کے اندر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔