گذشتہ سال سے اب تک 1,000 ڈاکٹر زندگی ہار چکے ہیں: انڈین میڈیکل اسوسی ایشن
نئی دہلی ۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران اب تک ملک گیر سطح پر 244 ڈاکٹرس فوت ہوچکے ہیں۔ دہلی کے گرو تیغ بہادر ہاسپٹل میں آج ایک نوجوان 26 سالہ ڈاکٹر انس مجاہد کورونا پازیٹیو قرار پانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی فوت ہوگئے ۔ وہ اب تک فوت ہونے والے ڈاکٹرس میں سب سے کم عمر بتائے گئے ہیں ۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے بتایا کہ گذشتہ سال کورونا لہر میں جملہ 736 ڈاکٹرس فوت ہوئے تھے اور اس سال اب تک 244 ڈاکٹرس اپنی زندگی ہار چکے ہیں۔ ڈاکٹر انس مجاہد کے ساتھی اب بھی اس بات کو یقین کرنے تیار نہیں ہیں کہ انتہائی خدمت کے جذبہ سے کورونا متاثرین کا علاج کرنے والے انس اب ان کے ساتھ نہیں رہے حالانکہ انہیں فوت ہوئے ایک ہفتے ہونے کو آرہا ہے ۔ ساتھی ڈاکٹرس نے کہا کہ ڈاکٹر انس نے اور ان کے ساتھیوں نے کورونا ٹیکہ نہیں لیا تھا ۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرس میں یہ وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور کل ایک دن میںملک بھر سے 50 ڈاکٹرس کے فوت ہونے کی اطلاع ہے ۔ اسوسی ایشن نے بتایا کہ اب تک بہار میں 69 ‘ اترپردیش میں 34 اور دہلی میں 27 ڈاکٹرس ڈیوٹی کرتے ہوئے فوت ہوگئے ہیں۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اب تک ملک بھر میں صرف تین فیصد ڈاکٹر کو ہی مکمل کورونا ٹیکہ دیا گیا ہے ۔ اسوسی ایشن کے مطابق ملک میں کورونا ٹیکہ اندازی مہم شروع ہوئے جملہ پانچ ماہ ہونے کو آرہے ہیں تاہم صرف 66 فیصد ہیلت کئیر ورکرس کو ہی ٹیکہ دیا جاسکا ہے ۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرس کی ٹیکہ لینے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر جئیش لیلے جنرل سکریٹری آئی ایم نے بتایا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ کل ایک دن میں 50 ڈاکٹرس فوت ہوچکے ہیں اور اپریل کے پہلے ہفتے سے اب تک دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹرس فوت ہوئے ہیں۔اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرس کی اکثریت نے ابھی ٹیکہ نہیں لیا ہے اور ٹیکہ لینے کیلئے ان کو راغب کرنے کوششیں کی جا رہی ہے۔