کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے تیار ‘ ایٹالہ

   

آکسیجن سپلائی بھی مسئلہ نہیں ۔ مرکز ی وزیر سے ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں اگر کورونا وائرس کی دوسری لہر آتی ہے تو ریاستی محکمہ صحت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تقریبا ایک ماہ سے اس طرح کی صورتحال کا سامنا کیا جا رہا ہے ۔ ہمارے ہیلت کئیر کے ورکرس چاہے ان میں ڈاکٹرس ہوں ‘ نرسیس ہوں یا غیر طبی عملہ ہو وہ پوری طرح سے نگہداشت صحت سے متعلق خدمات کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر کورونا کی دوسری لہر آتی ہے تو محکمہ اس سے نمٹنے پوری طرح تیار ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مشاورت کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا پتہ چلانے معائنے بشمول آر ٹی ۔ پی سی آر اور ریاپڈ اینٹی جن معائنے تمام ضلع ‘ ایریا دواخانوں ‘ پبلک ہیلت مراکز اور ذیلی مراکز میں بھی دستیاب ہیں۔ آکسیجن کی سپلائی میں کوئی قلت نہیں ہے اور دواخانوں میں آکسیجن سپلائی کا خاطر خواہ اسٹاک موجود ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے انفرا اسٹرکچر اور عملہ کی تعداد کو بھی مستحکم کیا ہے ۔ بات چیت کے دوران مسٹر راجندر نے ڈاکٹر ہرش وردھن سے کہا کہ کورونا ویکسین کی تقسیم کیلئے ایک روڈ میاپ فراہم کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں رہنما خطوط بھی تیار کئے جانے چاہئیں۔ ریاستی محکمہ صحت کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی سرینواس راو ‘ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے رمیش ریڈی اور دوسرے کورونا ماہرین کمیٹی کے ارکان موجود تھے ۔