حکومت تلنگانہ وائرس پر قابو پانے میں مکمل مصروف ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر : کورونا کے دوسرے مرحلہ میں شدت کو دیکھتے ہوئے ضلع میں دوگنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ وضاحت ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر کے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر اور ملک میں کورونا قہر برپا کررہا ہے جس کے پیش نظر وزیراعظم کئی ایک اقدامات کررہے ہیں اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت اس پر قابو پانے کیلئے مکمل مصروف ہوچکی ہے ۔ پی پی کٹس اور ویکسین کی تیاری میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین آکسیجن اور بیڈس کی قلت کی جھوٹی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے ۔ ضلع انتظامیہ اس وباء پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہا ہے ۔ میڈیکل کالجس کے ساتھ گورنمنٹ ہاسپٹل میں بھی تمام ضروری دوائیں ، بیڈس اور آکسیجن تیار رکھے جارہے ہیں اور کافی مقدار میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں دو لاکھ پینتیس ہزار ریاپڈ ٹسٹ کئے گئے جن میں سے بائیس ہزار سات سو ساٹھ کو آر ٹی پی سی ٹسٹ بھی کروائے گئے ۔ کورونا مریضوں کیلئے ہاسپٹل میں آکسیجن پلانٹ بھی قائم ہے اور کورونا مریضوں کو ہاسپٹل میں شریک کرتے ہوئے مکمل علاج کیا جارہا ہے ۔ گذشتہ سال جس طرح کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے گئے تھے اب اس سے زائد اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر نے 3 کووڈ موبائیل ایمبولنس گاڑیوں کا افتتاح بھی کیا جس میں ڈاکٹر ، نرس ، آکسیجن و دیگر طبی ضروری چیزیں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کورونا کا شبہ ہے تو کال سنٹر نمبر پر 08542241165 کال کر کے ایمبولنس گھر منگوا سکتے ہیں ۔ ایمبولنس دواخانہ پہنچنے کے دوران ہی علاج شروع ہوجائے گا ۔ کورونا معمولی اثر کا ہو تو گھر پر ہی دوائیں دی جائیں گی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست بھر میں ایسی معیاری طبی سہولتوں کا پہلی مرتبہ محبوب نگر سے آغاز عمل میں آرہا ہے ۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر پرائیوٹ اسکولس کے اسٹاف میں چاول تقسیم کئے ۔ پریس کانفرنس میں ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو ، میڈیکل کالج ڈائرکٹر سرینواس ، ڈی ایم اینڈ ایچ او کرشنا میونسپل چیرمین نرسملو ، ڈی ایس او ونجانا و دیگر موجود تھے ۔