نیویارک : عالمی ادارہء صحت نے کورونا وائرس کے کیسز کی ’سونامی‘ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرائسیس کے مطابق اومیکرون کے ساتھ ساتھ ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ کی وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں صحت کا نظام اور عملہ مزید دباؤ کا شکار ہو جائے گا۔ اس کے باوجود عالمی ادارہ صحت نے نئے سال کے لیے محتاط انداز میں امید کا اظہار بھی کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ایک اعلیٰ عہدیدار مائک ریان کا کہنا ہے کہ آنے والے سال میں وبائی مرض کا سخت دور ختم ہو سکتا ہے لیکن وائرس ختم نہیں ہو گا۔