پیرس ۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث فٹبال کی سرگرمیاں متاثر ہونے کی وجہ سے سال کے سب سے بڑے اور معتبر فٹبال کے ایوارڈ بیلن ڈی اورکو رواں سال نہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔فرانس فٹبال میگزین کی جانب سے دیے جانے والے ایوارڈ بیلن ڈی اور کو 1956میں اسٹینلے میوتھیوزکو پہلی مرتبہ دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال اسے بہترین فٹبالرزکو دیا جاتا ہے۔اب تک ارجنٹینا کے لیونل میسی ریکارڈ 6 مرتبہ یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ ان کے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو نے پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔فرانس فٹبال کے ایڈیٹر پاسکل فیر نے کہا کہ ایک عجیب سال رہا ہے جسے ہم ایک عام سال کی طرح نہیں دیکھ سکتے اور ہم نے دوماہ قبل ہی فیصلے لینا شروع کر دیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس فیصلے کو آسان تصورکرکے نہیں لیا لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ اس سال بیلن ڈی اورکا کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ یہ ایوارڈ شفاف طریقے سے نہیں دیا جا سکے گا۔ وبا کی وجہ سے کھیل کے قوانین بدل چکے ہیں لہٰذا ایوارڈ بھی متاثر ہوا ہے۔