کلکٹریٹ محبوب نگر کیمپ آفس میں میڈیکل آفیسر، سپروائزر کے ساتھ کلکٹر کی ویڈیو کانفرنس
محبوب نگر۔ ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق ایک طرف کورونا ٹسٹوں میں اضافہ اور دوسری طرف ویکسین کی دوسری خوراک کے اقدامات کئے جائیں۔ فیور سروے میں کورونا متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے آئسولیشن سنٹرز قائم کئے جائیں۔ کورونا کٹس سربراہ کرتے ہوئے کورونا پازیٹیو کیسس میں کمی کیلئے متحدہ جدوجہد کی جائے۔ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے منگل کی شام اپنے کیمپ آفس میں ضلع کے میڈیکل آفیسرس، پی اوز، سپر وائزر سے ویڈیو کانفرنس میں مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کی ہدایت دی ہے۔ ضلع میں روزانہ 3600 ٹسٹ کئے جائیں۔ ویکسین کی دوسری خوراک کا نظم کیا جائے۔ پہلی خوراک لینے والا ہی دوسری خوراک لے سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کورونا کیسس میں کمی کے لئے طبی عملہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ دیہاتوں کو کورونا سے پاک کرنا ہی ہمارا مقصد ہے۔ میونسپل علاقوں میں بھی وارڈ سطح پر عہدیداران کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے فیور سروے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے میڈیکل عہدیداروں پر زور دیا کہ موسم برسات کے پیش نظر موسمی امراض سے حفاظت کیلئے عوام میں شعور بیدار کریں۔ پرائمری ہیلت سنٹرز میں روزانہ 130 تا140 ٹسٹ کئے جائیں۔ مستقر محبوب نگر پر نئے قائم شدہ بستی 4 دواخانوں میں کم از کم 25 ٹسٹ کئے جائیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر کرشنا، ڈپٹی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ششی کانت کے علاوہ پی ایچ سیز کے میڈیکل آفیسرس اور سپر وائزرس موجود تھے۔