کورونا کے دوران اسکولوں کی کشادگی پر سنگین حالات کا خطرہ

   

وباء سے طلبہ کیساتھ گھر والے بھی متاثر ہوسکتے ہیں : یونیسکو کی رپورٹ ، اسکولوں کے بند رکھنے کے منفی اثرات کی بھی نشاندہی

حیدرآباد۔ہندستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں کورونا وائرس وباء کے دوران اسکولوں کی کشادگی وباء کے پھیلاؤ میں شدید اضافہ کا سبب بن سکتی ہے ۔ یونیسکو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں جہاں بیشتر ممالک نے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ نہیں کیا ہے بلکہ وہ آئندہ ماہ سے کشادگی کے سلسلہ میں غور کر رہے ہیں تو ایسی صورت میں ترقی یافتہ ممالک میں کورونا وائرس وباء کی دوسری لہر شروع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک میں حالات سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ ہندستان میں ریاستی حکومتوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے مطابق آئندہ ماہ اسکولوں کی کشادگی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے لیکن یونیسکوکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں فی الحال 100 ممالک میں اسکولوں کو بند رکھا گیا ہے جس کے سبب دنیا بھر میں موجود طلبہ میں 60 فیصد سے زائد طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں اسکولوں کی کشادگی کی صورت میں جو صورتحال پیدا ہوگی اس سے نمٹنا مشکل ہوتا چلا جائے گا کیونکہ بچے اسکولوں میں وائر س کا شکار ہونے کے بعد جب گھر واپس ہوں گے تو وہ اپنے گھر میں موجود ضعیف العمر افراد کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں جو بچے اسکولوں میں دوسروں سے کورونا وائرس کی وباء کا شکار ہوں گے وہ اپنے والدین کو بھی اش کا شکار بنائیں گے ۔ترقی یافتہ ممالک میں ضعیف العمر شہری بالخصوص دادا ‘ دادی اپنے پوتروں کے ساتھ ایک گھر میں نہیں رہتے اسی لئے ترقی یافتہ ممالک میں صورتحال ابتر ہونے کے امکانات کم ہیں جبکہ ترقی پذیر ممالک میں جہاں مشترکہ خاندانی نظام موجود ہے ان ممالک میں اسکولوں کی کشادگی اسکولی طلبہ کے ساتھ گھر والوں کو بھی متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔وبائی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کو جنہیں مختلف وبائی امراض سے محفوظ رہنے کے ٹیکہ دلوائے جاتے ہیں اسی لئے وہ ان وبائی امراض سے بھی مؤثر انداز میں نمٹ رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اسکولوں کی کشادگی کے بعد طلبہ متاثر ضرورہوں گے لیکن ان کی بڑی تعداد صحت یاب بھی ہوجائے گی لیکن جو متاثر ہوں گے وہ دوسروں کو متاثر کرنے کا موجب بنیں گے اسی لئے اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں از سر نو غور کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے تک اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ سے اجتناب کرنے کی سفارش کے علاوہ اسکولوں کے بند رہنے کے سبب ہونے والے نقصانات کی بھی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اسکولوں کو بند رکھے جانے کے نہ صرف طلبہ پر بلکہ اساتذہ ‘ اسکول انتظامیہ اور اسکول سے جڑے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔