لاپرواہی پر کارروائی کا ملازمین کو انتباہ ، پداپلی میں جائزہ اجلاس ، سکریٹری محکمہ صحت اے ایم رضوی کا خطاب
پداپلی: کووڈ۔19 وباء پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت، محکمہ پنچایت راج، محکمہ بلدیہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں و عملہ کو چوکس رہتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی ریاستی سکریٹری برائے محکمہ طب و صحت ایس اے ایم رضوی نے ہدایت دی۔ کووڈ وباء کے انسداد پر این ٹی پی سی میں ریاستی محکمہ برائے طب و صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ متعلقہ عہدیداران کے ساتھ ریاستی سکریٹری برائے محکمہ طب و صحت نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کووڈ۔19وباء کے مثبت کیسوں میں کمی کے باوجود چوکس رہتے ہوئے عوام کو طبّی خدمات فراہم کی جائیں۔ ایسے مواضعات جہاں پر کثیر تعدادمیں مثبت معاملات درج ہوئے ہیں، ان مواضعات میں مکمل سطح پر ٹیکہ فراہم کیا جائے۔ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداران کو آپسی ہم آہنگی سے اس وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ مواضعات میں قرنطینہ مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ کووڈ ۔ 19 علامات میں مبتلاء افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے انھیں کووڈ کِٹ فراہم کریں اور گھروں میں قرنطینہ رہنے کی ہدایت دیں۔ پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں طئے کردہ اہداف کے مطابق کورونا ٹسٹ کئے جائیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ ضلع میں 45 سال مکمل کرنے والے تمام افراد کو ٹیکہ فراہم کرنے، ٹیکہ کی پہلی خوراک لینے والے 45 سال سے زائد عمر والے افراد کو دوسری خوراک دینے کی متعلقہ عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ کورونا احتیاطی تدابیر پر موثر عمل آوری کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ڈائریکٹر محکمہ صحت عامہ ڈاکٹر جی۔ شرینواس راؤ ، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ٹی وی وی پی کمشنر ڈاکٹر رمیش ریڈی، اسٹیٹ میڈیکل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایم ڈی چندرشیکھر ریڈی ،او ایس ڈی محکمہ صحت ڈاکٹر گنگا دھر،ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا، ، مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹرکمار دیپک، راماگنڈم میونسپل کمشنر اودئے کمار، ضلعی عہدیداربرائے طب و صحت ڈاکٹر پرمود کمار، سپریٹنڈنٹ ڈاکٹرواسو دیوا ریڈی، ڈاکٹر شرینواس ریڈی، متعلقہ عہدیداران ، پی ایچ سی میڈیکل آفیسرس وغیرہ نے شرکت کی۔