کورونا کے نئے معاملات ، ضلع گنٹور میں مکمل لاک ڈاون

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 8اپریل (یواین آئی)اے پی کے ضلع گنٹور میں سختی کے ساتھ مکمل لاک ڈاون پر عمل کیاجارہا ہے جہاں کورونا وائرس کے معاملات میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔ اس ضلع میں کورونا کے 41معاملات درج کئے گئے ہیں۔گذشتہ روز ہی اس ضلع میں نئے 9معاملات درج کئے گئے جس کے بعد ضلع گنٹور اور اس کے حدود میں مکمل لاک ڈاون پر عمل کیاجارہا ہے ۔اب تک ضلع کے ون ٹاون میں کورونا کے معاملات درج کئے گئے تھے تاہم اب تازہ طورپر ضلع کے کوریٹی پاڈو،ودیانگر،سرینواس راو پیٹ میں نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جو تشویش کی بات ہے ۔اس ضلع میں 41معاملات کے اندراج کے بعد بدھ سے مکمل لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمد کیاجارہا ہے ۔اس وبا پرقابو پانے کے لئے یہ سخت قدم اٹھایاگیا ہے ۔ضلع میں صبح 6بجے تا 11بجے کے درمیان لاک ڈاون میں نرمی دی گئی تھی تاہم اب موجودہ صورتحال کی مناسبت سے ضلع میں ضروری اشیا کی خریداری کے لئے اب صبح 6بجے سے صبح 9بجے تک ہی لاک ڈاون میں نرمی رہے گی۔حکام نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل کریں اور دیئے گئے وقت میں صرف ضروری اشیا کی خریداری کے لئے ہی گھروں سے باہر نکلیں اور غیر ضروری لوگ جمع نہ ہوں۔