متاثرین میں اضافہ ، دو ہفتہ تک کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ
حیدرآباد : سابق ضلع نظام آباد میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تاجروں نے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے ۔ نظام آباد شہر ، آرمور ، بودھن ٹاؤنس کے علاوہ رنجل ، موپال اور کوڈگیر منڈل ہیڈکوارٹرس پر تاجرین نے اپنے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا سے بچاؤ کے لئے خانگی تجارتی ادارے اور دیگر اداروں نے اپنی سرگرمیوں کو رضاکارانہ طورپر بند کردیا ہے ۔ نظام آباد ٹاؤن کے گاندھی چوک ، کمار گلی اور دال گلی علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ سے تاجر اپنے کاروبار بند کئے ہوئے ہیں ۔ نظام آباد کی مرچنٹ اسوسی ایشن نے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کو ترجیح دی ہے۔ لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہے۔ آرمور اور بودھن ٹاونس میں بھی تاجروں نے اپنے کاروبار کو بند رکھا جس کے نتیجہ میں مارکٹس کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔ رنجل منڈل ہیڈکوارٹر پر عوام نے احتیاطی تدابیر کے طورپر بازار بند رکھنے کیلئے تاجروں کو مشورہ دیا۔ 9 تا 24 اگست منڈل ہیڈکوارٹر پر دکانیں بند رہیں گی۔ موپال منڈل میں ایک آٹو ڈرائیور کو کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد عوام نے 8 تا 14 اگست کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ۔