بیجنگ۔ چین میں کوویڈ19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے اس سال ستمبر میں ہانگ زو میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز کو ملتوی کردیا گیا۔ جمعہ کو سرکاری نیوز چینل سی جی ٹی این ٹی وی نے کہا ہے کہ ایشین اولمپک کونسل (او سی اے) نے 19ویں ایشین گیمزملتوی کر دیے ہیں، جنہیں اولمپکس کے بعد کھیلوں کا دوسرا بڑا ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔ پہلے شیڈول کے مطابق یہ گیمز 10 سے 25 ستمبر تک شنگھائی سے 175 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع صوبہ زی جیانگ کے دارالحکومت ہانگ زو میں منعقد ہونے تھے۔گیمز کی آفیشل ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشین اولمپک کونسل نے اعلان کیا ہے کہ 10 سے 25 ستمبر 2022 تک چین کے شہر ہانگ زو میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمزکو ملتوی کر دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا کیونکہ چین اس وقت کوویڈ19 سے لڑ رہا ہے۔ شنگھائی میں ہر روز ریکارڈ تعداد میں مریض سامنیآ رہے ہیں، جو میزبان شہر ہانگ ژو سے زیادہ دور نہیں ہے۔یادرہے کہ دوبرس قبل چین سے نکلنے والے وائرس نے دنیا میں تباہی مچائی ہے ۔