چنڈی گڑھ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے اور معمولی آمدنی والے طبقے کے افراد کے لیے تقریباً 1200 کروڑ روپیے فی ماہ کے مالی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مزدوروں، رکشہ ڈرائیوروں، کھانچہ فروش، اسٹریٹ وینڈر، ہر دن مزدوری پانے والے سمیت تعمیری کام میں لگے مزدوروں، بی پی ایل خاندانوں کو مالی امداد براہ راست ان کے کھاتے میں بھیجی جائے گی تاکہ انھیں لاک ڈاؤن کے روزمرہ کے ضروری اشیاء کے لیے کسی طرح کی کوئی دقت نہ ہو۔وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کی جانب سے اعلان اس پیکج کے تحت تمام بی پی ایل خاندانوں کو اپریل مہینے کے لیے ان کے ماہانہ راشن کو مفت کیا جائے گا جس پر کل 15 کروڑ روپیے خرچ کیے جائیں گے اور اس میں چاول یا گیہوں، سرسوں کا تیل اور ایک کلو چینی شامل ہیں۔ اسی طرح، اسکولوں اور آنگن واڑیوں کو لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران اسکولی بچوں کے لیے خشک راشن مہیا کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خاندانی بہبود پروگرام (ایم ایم پی ایس وائی) کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں کو مختلف بیمہ اور پینشن منصوبوں میں حصہ داری کے ساتھ 4000 روپیے دیے جا رہے ہیں۔