بوگوٹا : 29 جنوری ( ایجنسیز ) ساؤتھ امریکہ کے ملک کولمبیا میں ایک خوفناک طیارہ حادثہ پیش آیا ہے۔ وینزویلا کی سرحد کے قریب چہارشنبہ کی رات ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجہ میں ملک کے رکنِ پارلیمنٹ ڈیو جینس کوئنٹیرو سمیت مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک ہوگئے اس واقعہ کی تصدیق کولمبیا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باضابطہ طور پر کی ہے۔سرکاری فضائی کمپنی ساتینا کے زیرِ انتظام یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11.42 بجے کوکوٹا ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا اور 12.05 بجے اوکانا میں لینڈ ہونا تھا۔ تاہم 11.54 بجے طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔اس کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش کی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران وینزویلا کی سرحد کے قریب واقع دور دراز علاقے لا فلویا دی بیلین میں طیارے کے ملبے کی نشاندہی کی گئی۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق ٹیک آف کے صرف 9 منٹ بعد ہی یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ادھر بھارت میں بھی ایک افسوسناک طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر اور این سی پی کے صدر اجیت پوار (66) چہارشنبہ کے روز ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق وہ جس طیارے میں سفر کر رہے تھے وہ چہارشنبہ کی صبح پونے ضلع کے بارامتی میں حادثے کا شکار ہو گیا۔اس حادثے میں اجیت پوار کے ساتھ ان کے ذاتی سیکورٹی افسر ودیپ جاود، طیارے کے پائلٹ کیپٹن سمیت کپور، کیپٹن شامبھاوی پاٹھک اور فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی بھی جان بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اجیت پوار ممبئی سے بارامتی ضلع پریشد انتخابات کی مہم کے سلسلے میں روانہ ہوئے تھے۔صبح تقریباً 8.45 بجے ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی شدت کے باعث طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔