کولکتہ آج ممبئی کے خلاف پرامید

   

نئی ممبئی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی کمزور امیدوں کو زندہ رکھنا ہے تو پیرکو یہاں آخری نمبر پر موجود ممبئی انڈینز سے مقابلہ میں کامیابی کے لیے جلد ازجلد بہترین مجموعہ تلاش کرنا ہوگا۔ ممبئی جو ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہے اس کے باوجود وہ اس میچ میں بڑھے حوصلے کے ساتھ اتریں گے۔ کے کے آر ٹاپ آرڈر میں متعدد کھلاڑیوںکو آزمانا اور ٹیم میں بار بار تبدیلیاں کرنا اس سیزن میں ٹیم پر بھاری ہے ۔ وہ اس میچ میں ٹیبل ٹاپر لکھنؤ سوپر جائنٹس کے ہاتھوں 75 رن سے شکست کھانے کے بعد اس مقابلے میں داخل ہوں گے۔ دوسری جانب ممبئی کی ٹیم نمبر دو ٹیم گجرات ٹائٹنز کے خلاف پانچ رنزکی فتح کے باعث بڑھے ہوئے حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ممبئی پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہے۔ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم کے 10 میچوں میں چار پوائنٹس ہیں۔ وہ زیادہ سے زیادہ 12 پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے جو پلے آف تک پہنچنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے 12 پوائنٹس ہیں جبکہ تین دیگر ٹیموں کے 16 اور 14 پوائنٹس ہیں۔ نئے کپتان شریاس ایر کی قیادت میں کے کے آرکو ہفتہ کو لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے 11 میچوں میں آٹھ پوائنٹس ہیں۔ وہ بقیہ تین میچوں میں زیادہ سے زیادہ 14 پوائنٹس تک پہنچ سکتا ہے لیکن اس سے بھی اس کی چوتھے مقام کی ضمانت نہیں ۔ مشکلات کے باوجود دونوں ٹیمیں یہاں ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کو سخت ٹکر دینے کی کوشش کریں گی۔ دونوں ٹیمیں اب اپنی مہم کو مثبت انداز میں ختم کرنے کی کوشش کریں گی۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے میچوں میں ممبئی نے 22 اور کے کے آر نے آٹھ میچ جیتے ہیں۔ ممبئی اس ریکارڈ کو مزید بہترکرنے کی کوشش کرے گا۔ ممبئی کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ ان کے دونوں اوپنرزکپتان روہت اور ایشان کشن نے ٹیم کو ٹائٹنز کے خلاف اچھی شروعات دلائی۔ کے کے آر کے خلاف وہ اپنی اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے۔روہت ممبئی کے لیے آئی پی ایل میں 5000 رنز مکمل کرنے سے بھی 88 رن دور ہیں اور وہ پیر کو اس سنگ میل تک پہنچ سکتے ہیں۔ جہاں ممبئی کے بیٹر روہت، کشن اور سوریہ کمار یادو پاور پلے کو اچھی طرح سے استعمال کرنے میں ماہر ہیں، وہیںکے کے آر پہلے چھ اووروں میں رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جس کے لیے ان کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے اسے شکست کا ذمہ دارقراردیا ہے۔ میک کولم نے کہا ہم نے پاور پلے میں جدوجہد کی ہے جو اس پورے سیزن میں ہمارے لیے مایوس کن رہا۔ پورے ٹورنمنٹ میں ہم نے درمیانی اوورز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ڈیتھ اوورز میں بھی برا نہیں کھیلا امید ہیکہ باقی مقابلوں میں ہم ان خامیوں کو دور کریں گے۔